رزق کو بڑھانے کے طریقے : قرآن وحدیث کی روشنی میں۔(قسط ۲)
ابوعلى الياس بن علی بن عثمان ندوی ۔
(۱۱) : نکاح کرنا ۔ اسلحے کہ اللہ نے نکاح کرنے پر روزی میں کشادگی کا وعدہ فرمایا ہے ۔ فرمان خدا وندی ہے : اور تم میں سے بے نکاحوں اور اپنے غلاموں اور باندیوں میں سے نیکو کاروں کا نکاح کردوں اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ تعالٰی اپنے فضل سے ان کو مالدار بنادے گا ۔ ( سورہ نور ) ۔
(۱۲) : صدقہ خیرات کرنا ۔ سورہ فاطر میں اللہ کا ارشاد ہے : ہم نے جو مال ان کو دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں ۔ ( آگے فرمایا ) تاکہ اللہ ان کو انکا پورا بدلہ دے اور اپنے فضل سے زیادہ عطا فرمائے۔
(۱۳) : اللہ کی نعمتوں کا شکر کرنا ۔ ارشاد باری ہے : اگر تم شکر کروگے تو تمہاری نعمتیں بڑھاؤں گا ۔ ( سورہ ابراہیم ) ۔
(۱۴) : اللہ کے ساتھ اچھا گمان کے وہ ہمیں خوب مال دے گا اس کا یقین ہونا چاہئے جیسے حضرت ہاجرہ علیہا السلام کو یقین تھا جس وقت حضرت ابراہیم علیہ السلام ان کو مکہ کے اندر تنہا دودھ پیتے بچے کے ساتھ چھوڑ کے جا رہے تھے ۔
( ۱۵ ) : لا حول ولا قوۃ الا باللہ کو بار بار پڑھتے رہنا کیونکہ حدیث میں ہے کہ یہ کلمہ جنت کے خزانوں میں سے ہیں ۔ مکحول تابعی فرماتے ہیں کہ اس کلمہ کو پڑھنے سے انسان کی ستر پریشانیاں دور ہوتی ہیں جنمیں سب سے چھوٹی پریشانی فقر ہے( ترمذی) ۔
( ۱۶) : بار بار حج وعمرہ کرنا اس لئے کہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ : حج وعمرہ بار بار کیا کرو کیونکہ ان کی وجہ سے مفلسی دور ہوتی ہے۔ ( بخاری)
(۱۷) : دعا کرنا کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اس کی دعا سکھائی ہے ۔ اللهم اني اسألك علما نافعا ورزقا طيبا وعملا متقبلا . ( ابن ماجہ) ۔
( ۱۸) : اللہ کی عبادت میں مصروف ہونا ۔ یہ بھی ایک اہم سبب ہے روزی بڑھانے کا ۔ حدیث میں ہے : اللہ تعالٰی فرماتے ہیں کہ اے آدم کے بیٹے میری عبادت کے لئے فارغ ہوجائے میں تیرے سینہ کو غنی سے بھر دونگا اور تیرا فقر دور کردوں گا اور اگر تو نے ایسا نہیں کیا تو تجھے مشغول کردوں گا اور تیرا فقر دور نہیں کروں گا ۔ ( ترمذی) ۔
( ۱۹) : صبح فجر کے بعد سے ہی کام شروع کردینا کیونکہ اس وقت میں برکت کی دعا نبی علیہ السلام نے کی ہے : اے اللہ میری امت کے دن کے شروع وقت میں برکت عطا فرما ۔ ( ترمذی ) ۔
(۲۰) : نماز کی پابندی کا روزی کے اضافہ میں بہت بڑا رول ہے کیونکہ ارشاد ربانی ہے : اور آپ اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم کیجئے اور خود بھی اس کے پابند رہئے ہم آپ سے روزی نہیں چاہتے روزی تو ہم آپ کو دیں گے ۔ ( سورہ طہ) ۔
یہ چند اہم وسائل واسباب ہیں جن کا ذکر قرآن وحدیث میں آیا ہے ان کو استعمال کرکے ایک مومن بندہ اپنی روزی کی پریشانیوں سے چھٹکارا پا سکتا ہے ۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ۔